تعارف شاعر

poet

عزیز نبیلؔ

جناب عزیز نبیل صاحب دور جدید کے مقبول و نمائندہ اردو شاعر ، ایک محقق اور نقاد کی حیثیت سے پورے اردو داں حلقے میں مشہور و معروف ہیں اور اردو کے مشاعروں میں اکثر و بیشتر مملکت قطر کی اردو شاعری کی نمائندگی آپ ہی سے ہوتی ہے۔
آپ کا مکمل نام عزیز الرحمٰن ہے ، نبیلؔ تخلص اور اردو دنیا میں عزیز نبیلؔ کے نام سے شہرت رکھتے ہیں۔
آپ کی پیدائش 26/ جون 1976ء کو عروس البلاد ممبئی میں ہوئی ، جامعہ ملیہ اسلامیہ سے گریجویشن اور انسٹی ٹیوٹ آف میٹیریلس مینجمنٹ چنئی سے پوسٹ گریجویشن کیا ، 
آبائی تعلق اترپردیش الہ آباد (مئوائمہ) سے ہے اور ریاست مہاراشٹر کے زرخیز علاقے بھیونڈی شہر آپ کا مقام سکونت ہے اور اس وقت مملکت قطر میں 1999ء سے اپنی معاش سے وابستہ ہو کر مقیم ہیں جہاں آپ "انجمن محبانِ اردو ہند قطر" کے جنرل سکریٹری کی بھی حیثیت سے زبانِ اردو کی خدمت کر رہے ہیں جب کہ مملکت بحرین کی اہم ادبی تنظیم ’’مجلسِ فخرِ بحرین برائے فروغِ اردو‘‘ کے مشیرِ خاص بھی ہیں ، آپ اپنے ہم عصر شعراء میں غزلوں اور نظموں کے آہنگ میں ایک ممتاز مقام رکھتے ہیں جہاں زبان کی چاشنی اور تہذیبی روایات کے خوبصورت اشتراک سے محظوظ ہوئے بغیر نہیں رہا جاتا ہے-
"خواب سمندر (2011ء)"  اور  "آواز کے پر کھلتے ہیں (2019ء)" آپ کے دو مجموعۂ کلام زیورِ طبع سے آراستہ  ہو کر منظر عام پر آچکے ہیں ، دیوناگری رسم الخط میں شاعری کا انتخاب پہلی بارش (2019ء) کے نام سے راج کمل پرکاشن کے زیرِ اہتمام شائع ہوا ہے ، اس کے علاوہ معروف شعراء پر تحقیق و تدوین کی ہوئی چار کتابیں شائع ہوچکی ہیں جو درج ذیل ہیں۔

  • فراقؔ گورکھپوری، شخصیت شاعری اور شناخت
  • عرفانؔ صدیقی ۔ حیات ، خدمات اور شعری کائنات
  • پنڈت برج نرائن چکبستؔ۔ شخصیت اور فن
  • پنڈت آنند نرائن ملّؔا۔ شخصیت اور فن

آپ کتابی سلسلہ مجلہ ’’دستاویز‘‘ کے مدیرِ اعلی بھی ہیں جس کے اب تک چار دستاویزی نوعیت کے ضخیم شمارے شائع ہوچکے ہیں۔

  • اردو کے اہم ادبی رسائل و جرائد
  • اردو کے اہم غیر مسلم شعراء و ادباء
  • اردو کی اہم خود نوشت آپ بیتیاں
  • اکیسویں صدی کے رفتگاں کے نام

تصویر/ فیس بک


عزیز نبیلؔ کا منتخب کلام