قرار پاتے ہیں آخر ہم اپنی اپنی جگہ

غزل| باصرؔ سلطان کاظمی انتخاب| ابو الحسن علی

قرار پاتے ہیں آخر ہم اپنی اپنی جگہ
زیادہ رہ نہیں سکتا کوئی کسی کی جگہ
بنانی پڑتی ہے ہر شخص کو جگہ اپنی
ملے اگر چہ بظاہر بنی بنائی جگہ
ہیں اپنی اپنی جگہ مطمئن جہاں سب لوگ
تصورات میں میرے ہے ایک ایسی جگہ
گلہ بھی تجھ سے بہت ہے مگر محبت بھی
وہ بات اپنی جگہ ہے یہ بات اپنی جگہ
کئے ہوئے ہے فراموش تو جسے باصرؔ
وہی ہے اصل میں تیرا مقام تیری جگہ


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام