پسِ غبار مجھے اس طرف کو جانے دے

غزل| اسحٰقؔ وردگ انتخاب| بزم سخن

پسِ غبار مجھے اس طرف کو جانے دے
نگاہ دار! مجھے اس طرف کو جانے دے
فلک کے خاص رسالے میں کاش چھپ جائے
یہ اشتہار مجھے اس طرف کو جانے دے
طلسمِ وقت کا زندان توڑنا ہے مجھے
رہِ فرار مجھے اس طرف کو جانے دے
گلِ مراد خزاں سے بکھر نہ جائے کہیں
پئے بہار مجھے اس طرف کو جانے دے
ہے میرا ذوقِ تجسس کہ اس طرف کیا ہے
بس ایک بار مجھے اس طرف کو جانے دے
میں کائنات کی حد سے نکلنا چاہتا ہوں
فسونِ یار! مجھے اس طرف کو جانے دے

میں دیکھ سکتا نہیں گرد میں نظارے کو
مرے غبار مجھے اس طرف کو جانے دے


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام