دنیائے حسن و عشق میں کس کا ظہور تھا

غزل| فانیؔ بدایونی انتخاب| بزم سخن

دنیائے حسن و عشق میں کس کا ظہور تھا
ہر آنکھ برق پاش تھی ہر ذرہ طور تھا
میری نظر کی آڑ میں ان کا ظہور تھا
اللہ ان کے نور کا پردہ بھی نور تھا
تھی ہر تڑپ سکون کی دنیا لئے ہوئے
پہلو میں آپ تھے کہ دلِ نا صبور تھا
ہم کشتگان غم پہ یہ الزامِ زندگی
بے مہر کچھ تو پاسِ حقیقت ضرور تھا
بالیں پہ تم جب آئے تو آئی وہ موت بھی
جس موت کے لیے مجھے جینا ضرور تھا
تھی ان کے روبرو بھی وہ شانِ اضطراب
دل کو بھی اپنی وضع پہ کتنا غرور تھا

اٹھ کر چلے تو حشر بھی اٹھنا تھا کیا ضرور
ان کی گلی سے مدفنِ فانیؔ تو دور تھا


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام