جانِ نگاہ و روحِ تمنّا چلی گئی

غزل| جونؔ ایلیا انتخاب| بزم سخن

جانِ نگاہ و روحِ تمنّا چلی گئی
اے نجدِ آرزو مری لیلیٰ چلی گئی
رخصت ہوئی دیار سے اک نازشِ دیار
صحرا سے اک غزالۂِ صحرا چلی گئی
برباد ہو گئی مری دنیائے جستجو
دنیائے جستجو مری دنیا چلی گئی
زہرہ میرا ستارۂ قسمت خراب ہے
ناہِید! آج میری ثریّا چلی گئی
کس سے کہوں کہ ایک سراپا وفا مجھے
تنہائیوں میں چھوڑ کے تنہا چلی گئی
نورِ جہانِ شعر نے سب کچھ بھلا دیا
زیب النسائے نظمِ معلّیٰ چلی گئی
مجھ کو ملامتوں کے جہنم میں چھوڑ کر
اک خلدِ عہد و جنتِ ایفا چلی گئی
اب انتظارِ عشرتِ فردا نہیں رہا
امید گاہِ عشرتِ فردا چلی گئی
کیسے کہوں کہ وہ غمِ الفت فریب تھا
کیسے یقیں کروں کہ زلیخا چلی گئی
اے بزمِ دخترانِ قبیلہ یہ کیا ہوا
وہ جانِ دلبرانِ قبیلہ چلی گئی
فرہاد سن لیا تری شیریں کہاں ہے آج
وامق! خبر بھی ہے تری عذرا چلی گئی
اُس انجمن سے رقصِ تماشا طلب نہ کر
جس انجمن کی انجمن آرا چلی گئی


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام