وہ بے درد ہیں کیوں نہ بیداد کرتے

غزل| کلیم احمد عاجزؔ انتخاب| بزم سخن

وہ بے درد ہیں کیوں نہ بیداد کرتے
مجھے شرم آتی ہے فریاد کرتے
ہر اک ظلم کی اک الگ نوعیت تھی
کسے بھول جاتے کسے یاد کرتے
قفس بھی نہ ہوتا تو ہم بے کسی میں
نہ جانے کہاں وقت برباد کرتے
ہمیں کو خبر جب ہماری نہیں ہے
انہیں کیا پڑی تھی کہ وہ یاد کرتے
خدا جانے کس کس پہ الزام آتا
اگر ہم بیاں اپنی روداد کرتے
نہ پوچھا کبھی حالِ دل تم نے ورنہ
وہ قصہ سناتے کہ تم یاد کرتے


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام