ہوا کے ساتھ پرندوں کے پر نہیں آتے

غزل| فاضؔل جمیلی انتخاب| بزم سخن

ہوا کے ساتھ پرندوں کے پر نہیں آتے
لہو کی لہر تو آتی ہے سر نہیں آتے
خیالِ یار کی آوارگی عجب شے ہے
گھروں کو لوٹ کے ہم رات بھر نہیں آتے
تو آسماں کا ستارہ ہے میں زمیں کا دھواں
تری نظر میں میرے بام و در نہیں آتے
تمام شہر ہے مردہ میری طرح لیکن
کسی بھی چہرے پہ کتبے نظر نہیں آتے
ہمارے ساتھ چلے ہو تو سوچ لو پہلے
یہ راہ وہ ہے کہ جس میں شجر نہیں آتے
مرا بدن بھی کوئی گہری جھیل ہے فاضلؔ
کہ زخم لاکھ ہیں لیکن نظر نہیں آتے



پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام