لہرا کے جھوم جھوم کے لا مسکرا کے لا

غزل| سید عبد الحمید عدمؔ انتخاب| بزم سخن

لہرا کے جھوم جھوم کے لا مسکرا کے لا
پھولوں کے رس میں چاند کی کرنیں ملا کے لا
کہتے ہیں عمر رفتہ کبھی لوٹتی نہیں
جا میکدے سے میری جوانی اٹھا کے لا
ساغر شکن ہے شیخ بلا نوش کی نظر
شیشے کو زیرِ دامنِ رنگیں چھپا کے لا
کیوں جا رہی ہے روٹھ کے رنگینیٔ بہار
جا ایک مرتبہ اسے پھر ورغلا کے لا
دیکھی نہیں ہے تو نے کبھی زندگی کی لہر
اچھا تو جا عدمؔ کی صراحی اٹھا کے لا


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام