عام دنیا میں جب نورِ ایماں ہوا

نعت| سمعانؔ خلیفہ انتخاب| بزم سخن

عام دنیا میں جب نورِ ایماں ہوا
ضو فگن بزمِ امکاں میں قرآں ہوا
تِیرہ و تار تھا عالمِ رنگ و بو
پھر چراغِ ہدیٰ نور افشاں ہوا
کیا بتاؤں میں خورشیدِ حق کی چمک
ذرۂ خاک بھی مہرِ تاباں ہوا
رحمتِ حق کی ہر سو گھٹا چھا گئی
قطرۂ آب ابرِ بہاراں ہوا
کل تلک جس کلی نے نہ پائی چٹک
آج وہ پھول فخرِ گلستاں ہوا
زندہ در گور ہوتی تھیں جو بچیاں
اُن کے حق میں بھی جینے کا ساماں ہوا
بجھ چکی تھی ضیا مشعلِ علم کی
مطلعِ علم اُن سے درخشاں ہوا
بھول بیٹھا تھا انسان انسانیت
آپ آئے تو انسان انساں ہوا
ظلم کی جو روش عام تھی چار سو
اُس کو تبدیل کرنے کا فرماں ہوا
صحنِ گلشن میں بلبل ہوئی نغمہ زن
اور سمعانؔ اُن کا ثنا خواں ہوا


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام