تعارف شاعر

poet

شاہدؔ کبیر

محفوظ شاہد کبیر

اردو شاعر جناب شاہد کبیر شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھے مضمون نگار اور فعال مصنف کی حیثیت سے بھی جانے جاتے تھے مگر انہوں نے اپنی غزلوں کی وجہ سے زیادہ مقبولیت حاصل کی ، ان کی بہت ساری غزلیں مشہور ہندوستانی گلوکاروں نے گائیں ہیں ، ان کا اصل نام محفوظ کبیر تھا ، شاہدؔ تخلص کے ساتھ شاہد کبیر کے نام سے اردو دنیا میں مقبول ہوئے۔

آپ 01/ مئی 1932ء کو شہر ناگپور ریاست مہاراشٹر میں محمد اسرائیل اور خیر النساء کے گھر پیدا ہوئے ، ابتدائی تعلیم انجمن ہائی اسکول سے اور بیچلر آف آرٹس (بی اے) جونیئر کالج ناگپور سے اردو میں مکمل کیا ، 1950ء میں دہلی میں مرکزی حکومت کے فوڈ اور مارکیٹنگ شعبہ سے وابستہ ہوئے جہاں آپ نے جناب علی سردار جعفری ، زبیر رضوی اور نریش کمار شاد کی شاعری سے متاثر ہو کر 1952ء سے شاعری اور نظمیں لکھنا شروع کیں ، اس کے بعد آپ ناگپور منتقل ہوئے اور 1990ء تک اسی ملازمت سے وابستہ رہے۔

آپ کی تصنیفات میں "کچی دیواریں" (1958ء ، ناول) ، "چاروں اور" (1968ء ، جدید غزلوں کا انتخاب) ، پہلا شعری مجموعہ "مٹی کا مکان" (1971ء) اور "پہچان" ( 1999ء ، غزلوں کا مجموعہ) شامل ہیں ، آپ 11/ مئی 2001ء کو وفات پاگئے۔ (تصویر / آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے)


شاہدؔ کبیر کا منتخب کلام