تعارف شاعر

poet

ظہور نظرؔ

ملک ظہور احمد نظر

ظہور نظر پاکستان سے تعلق رکھنے والے اردو کے نامور ترقی پسند شاعر اور صحافی تھے ، ان کی پیدائش 27/ جولائی 1923ء کو منٹگمری ساہیوال پنجاب میں ہوئی ، ان کا اصل نام ملک ظہور احمد اور نظر تخلص تھا۔

باقاعدہ تعلیم جاری رکھنا ممکن نہ ہونے کی بنا پر انہوں نے الیکٹریشن ، ٹھیکیداری اورکاشتکاری جیسے کام کئے یہاں تک کہ ہوٹل میں نوکری اور مزدوری بھی کی مگر حصول علم کا ہی شوق تھا کہ انہی ایام میں بھی اپنے طور پر ذاتی مطالعہ جاری رکھا ، اس طرح آپ ہفت روزہ "ستلج" بہاول پور کے مدیر ، ہفت روزہ "عدل" کے مدیر ، انجمن ترقی پسند مصنفین کے سکریٹری بھی رہ کر اپنی ادبی خدمات انجام دیں۔

اپنی زندگی کے آخری ایام میں آپ نے ریڈیو پاکستان ، ملتان اور ریڈیو پاکستان بہاول پور کے لئے ڈرامے لکھے ، کچھ فلموں کے لئے نغمے بھی لکھے ، ان کا شمار اردو کے اہم نظم گو شعرا میں ہوتا ہے اور ان کی نظموں کا انگریزی ، روسی ، چینی ، ڈچ اور اطالوی زبانوں میں ترجمہ بھی ہو چکا ہے ، ان کے مجموعہ کلام "بھیگی پلکیں" ، "ریزہ ریزہ" اور "زنجیر وفا" کے نام سے شائع ہوئے۔

07/ ستمبر 1981ء کو ان کا بھاولپور پاکستان میں انتقال ہوا اور ان کی وفات کے بعد "ظہور نظر ادبی انعام" کے نام سے ان کی یاد میں ایک ادنی انعام اجرا کیا گیا۔


ظہور نظرؔ کا منتخب کلام