شاخ شاخ پر موسمِ گل نے گجرے سے لٹکائے تھے

غزل| نورؔ بجنوری انتخاب| ابو الحسن علی

شاخ شاخ پر موسمِ گل نے گجرے سے لٹکائے تھے
میں نے جس دم ہاتھ بڑھایا سارے پھول پرائے تھے
کتنے درد چمک اٹھتے ہیں فرقت کے سناٹے میں
رات رات بھر جاگ کے ہم نے خود پہ زخم لگائے تھے
تیرے غموں کا ذکر ہی کیا اب جانے دے یہ بات نہ چھیڑ
ہم دیوانے ملکِ جنوں میں بخت‌ سکندر لائے تھے
دل کی ویراں بستی مجھ سے اکثر پوچھا کرتی ہے
بستے ہیں کس دیس میں اب وہ لوگ یہاں جو آئے تھے
پچھلی رات کو تارے اب بھی جھلمل جھلمل کرتے ہیں
کس کو خبر ہے اک شب ہم نے کتنے اشک بہائے تھے
آج جہاں کی تاریکی سے دنیا بچ کر چلتی ہے
ہم نے اس ویران محل میں لاکھوں دیپ جلائے تھے

مجھ کو ان سے پیار نہیں ہے مجھ کو ان کے نام سے کیا
آنکھیں یوں ہی بھر آئی تھیں ہونٹ یوں ہی تھرّائے تھے


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام