ظلمت کدے میں حق کا اجالا حضورؐ ہیں

نعت| سمعانؔ خلیفہ انتخاب| بزم سخن

ظلمت کدے میں حق کا اجالا حضورؐ ہیں
بزمِ فلک میں نور کا ہالہ حضورؐ ہیں
حور و ملک بھی جس کے تقدس پہ ہوں نثار
اُس پاک زندگی کا حوالہ حضورؐ ہیں
افکار جن سے بھول بھلیوں میں کھو گئے
ایسی روایتوں کا ازالہ حضورؐ ہیں
ہاتھوں میں دے کے نورِ ہدایت کی مشعلیں
ظلمت سے ہم کو جس نے نکالا حضورؐ ہیں
انسان کو ضیائے عمل سے نکھار کر
سانچے میں جس نے حسن کے ڈھالا حضورؐ ہیں
نوعِ بشر کو جس نے توازن عطا کیا
اور زندگی کو جس نے سنبھالا حضورؐ ہیں

سمعانؔ جس کی مدح میں رطب اللسان ہے
بعد از خدا وہ ہستیِ والا حضورؐ ہیں


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام