ہمیں میں تھا کہیں کچھ رائیگاں ہونے پہ آمادہ

غزل| راجیش ریڈی انتخاب| بزم سخن

ہمیں میں تھا کہیں کچھ رائیگاں ہونے پہ آمادہ
سلگ کر اندر اندر ہی دھواں ہونے پہ آمادہ
اِدھر سینے میں صحرا نے ٹھہر جانے کی ٹھانی ہے
اُدھر آنکھوں میں اک دریا رواں ہونے پہ آمادہ
جسے بھی دیکھئے اک خوف کے عالم میں لگتا ہے
زباں ہوتے ہوئے بھی بے زباں ہونے پہ آمادہ
اٹھا کر اب نظر دیکھے تو کوئی کس طرف دیکھے
کہ ہر منظر ہے آنکھوں پر گراں ہونے پہ آمادہ
کسی نے ہنستے ہنستے دل ہمارا توڑ ڈالا ہے
بس اتنا واقعہ ہے داستاں ہونے پہ آمادہ
ہوا سی چل رہی ہے ہر طرف بے اعتباری کی
یقین بھی ہو چلے سارے گماں ہونے پہ آمادہ

جہاں ہونا ہے ممکن صرف خوابوں اور خیالوں میں
ہوا جاتا ہے دل اپنا وہاں ہونے پہ آمادہ


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام