ضبطِ غمِ دل آساں اظہارِ وفا ممکن

غزل| آرزوؔ لکھنوی انتخاب| بزم سخن

ضبطِ غمِ دل آساں اظہارِ وفا ممکن
ہونے کو یہ سب ممکن ملنا ترا نا ممکن
نالوں کا اثر ممکن تاثیرِ دعا ممکن
اِس ہونے پہ ہر شے کے کچھ بھی نہ ہوا ممکن
اس عالمِ امکاں میں کیا ہے جو ہے نا ممکن
ڈھونڈو تو ملے عنقا چاہو تو خدا ممکن
جو سب کی تمنا ہے سنتے ہیں کہ ہر چاہے
دشوار پہنچنا ہے ملنا تو پتہ ممکن
جس کو تری خواہش میں دنیا سے نہیں مطلب
اُس کے لئے یکساں ہے ہر ممکن و نا ممکن
ہیں چشمِ مرّوت کے بے دید یہی معنی
میں درد سے جاں پر لب اور تجھ کو دوا ممکن
بے جا بھی سہی شکوہ غصّہ تمہیں کیوں آیا
میں بھی تو بشر ہی ہوں اِنساں سے خطا ممکن
دو گز ہے زمیں کافی بستی ہو کہ ویرانہ
پڑ رہنے کو جا آساں مر مٹنے کو جا ممکن
کیوں خونِ جگر پیتے کس واسطے غم کھاتے
ہو جاتا اگر جینا بے آب و غذا ممکن
مرنا وہی چاہے گا جینا جسے مشکل ہو
پھر زہر ہی کیوں کھاتے ہوتی جو دوا ممکن

اے آرزوؔ اب میں ہوں اور عشق کی رسوائی
خاموش بھی گر بیٹھو چرچا نہ ہو کیا ممکن


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام