چھپی ہے تجھ میں کوئی شئے اسے نہ غارت کر

غزل| راجیندر منچندا بانؔی انتخاب| بزم سخن

چھپی ہے تجھ میں کوئی شئے اسے نہ غارت کر
جو ہو سکے تو کہیں دل لگا ، محبت کر
ادا یہ کس کٹے پتے سے تو نے سیکھی ہے
ستم ہوا کا ہو اور شاخ سے شکایت کر
نہ ہو مخل مرے اندر کی ایک دنیا میں
بڑی خوشی سے بر و بحر پر حکومت کر
وہ اپنے آپ نہ سمجھے گا تیرے دل میں ہے کیا
خلش کو حرف بنا ، حرف کو حکایت کر
مرے بنائے ہوئے بت میں روح پھونک دے اب
نہ ایک عمر کی محنت مری اکارت کر
کہاں سے آ گیا تو بزمِ کم یقیناں میں
یہاں نہ ہوگا کوئی خوش ہزار خدمت کر
کچھ اور چیزیں ہیں دینا کو جو بدلتی ہیں
تو اپنے درد کو اپنے لئے حکایت کر
نہیں عجب اسی پل کا ہو منتظر وہ بھی
کہ چھو لے اس کے بدن کو ذرا سی ہمت کر

خلوص تیرا بھی اب زد میں آ گیا بانیؔ
یہاں یہ روز کے قصے ہیں جی برا مت کر


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام