بحر و بر پر چھا گئی عظمت رسول اللہ کی

نعت| حفیظؔ میرٹھی انتخاب| بزم سخن

بحر و بر پر چھا گئی عظمت رسول اللہ کی
مرحبا یہ شان یہ شوکت رسول اللہ کی
پیروی باطل کی اور مدحت رسول اللہ کی
کیا منافق ہوگئی امت رسول اللہ کی
اہلِ ایماں پر ستم کی انتہاء کرنے کے بعد
کفر نے تسلیم کی طاقت رسول اللہ کی
لہلہا اٹھیں عرب میں دینِ حق کی کھیتیاں
فضل ہے اللہ کا محنت رسول اللہ کی
بزمِ ہستی کے لئے شمعِ فروزاں بن گئے
جن صحابہ کو ملی قربت رسول اللہ کی
اب مسلمانوں میں جانے کیوں نظر آتی نہیں
وہ حیا وہ شرم وہ غیرت رسول اللہ کی
آپ کا ظاہر حسیں ہے آپ کا باطن حسیں
آئینہ ہے جلوت و خلوت رسول اللہ کی
جس کا جی چاہے کسی رخ سے اٹھا کر دیکھ لے
کس قدر بے داغ ہے سیرت رسول اللہ کی
کیا کرے گا مال و زر لے کر حفیظِؔ میرٹھی
بخش دے یارب اسے الفت رسول اللہ کی


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام