بوئے گل کے بارے میں چاندنی کے بارے میں

غزل| ظفرؔ گورکھپوری انتخاب| بزم سخن

بوئے گل کے بارے میں چاندنی کے بارے میں
بات اچھی لگتی ہے زندگی کے بارے میں
اس کے روپ کا ساگر چار سمت چھلکا ہے
میرا تبصرہ یہ ہے روشنی کے بارے میں
اور بھی تو چہرے ہیں جن سے دل کا رشتہ ہے
ساری گفتگو آخر کیوں اسی کے بارے میں
خوش تو ہوگئے لیکن دل میں خوف بھی جاگا
جب بھی ہم نے سوچا ہے دوستی کے بارے میں
زندگی سے ملتے تو تم پہ زندگی کھلتی
تم نے صرف سوچا ہے زندگی کے بارے میں
عشق میں ظفرؔ صاحب ہوں گے کاروباری لوگ
آپ ایسا مت سوچیں ہر کسی کے بارے میں



پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام