اندازِ ستم اُن کا نہایت ہی الگ ہے


05-11-2016 | افتخار راغبؔ

اندازِ ستم اُن کا ۔۔۔ نہایت ہی الگ ہے

گزری ہے جو دل پر وہ قیامت ہی الگ ہے

لے جائے جہاں چاہے ۔۔ ہوا ہم کو اُڑا کر

ٹوٹے ہوئے پتّوں کی حکایت ہی الگ ہے

پردیس میں رہ کر کوئی ۔۔ کیا پاؤں جمائے

گملے میں لگے پھول کی قسمت ہی الگ ہے

جتنا ہے ثمر جس پہ ۔۔ وہ اُتنا ہے خمیدہ

پھل دار  درختوں  کی  طبیعت  ہی  الگ ہے

باہر سے تو لگتا ہے کہ شاداب ہے گلشن

اندر سے ہر اِک پیڑ کی حالت ہی الگ ہے

ہر ایک غزل تجھ سے ہی منسوب ہے میری

انداز مِرا ۔۔ تیری بدولت ہی الگ ہے

کس کس کو بتاؤں کہ میں بزدل نہیں راغبؔ

اس دور میں مفہومِ شرافت ہی الگ ہے




پچھلا صفحہ | اگلا صفحہ



شاعر کا مزید کلام
غبار دل سے نکال دیتے
ایک رشتہ درد کا ہے میرے اُس کے درمیاں
وہی جو خالق جہان کا ہے وہی خدا ہے وہی خدا ہے
کس نے غنچوں کو نازکی بخشی
جو بھی چلاّ کے ترنم میں ہیں گانے والے