تعارف شاعر

poet

ناصرؔ امروہوی

ناصر پرویز امروہوی

ہندوستان کی ادبی سرزمین امروہہ سے تعلق رکھنے والے اردو شاعر جناب ڈاکٹر ناصر امروہوی کا اصل نام ناصر پرویز ہے اور آپ ناصرؔ امروہوی کے نام سے مشہور ہیں ، آپ ایک غزل گو شاعر ہیں ، ہندوستان بھر کے کل ہند مشاعروں میں شرکت کرتے ہیں ، آپ نے امروہہ میں "بزم زندہ دلان امروہہ" قائم کی ہے نیز "بزم ذوق ادب امروہہ" کے نائب صدر بھی ہیں ار فی الوقت شہر امروہہ کے قریبی قصبے جویا کے معروف ادارے "عبد الرزاق پی جی کالج" کے شعبہ اردو میں صدر کے عہدے پر فائز ہیں۔

آپ کی پیدائش 25/ ستمبر 1985ء کو شہر امروہہ میں ہوئی ، آپ کی ابتدائی تعلیم فاطمہ کانوینٹ اسکول امروہہ میں ہوئی ، اس کے بعد معروف مسلم انٹر کالج عبد الکریم خان انٹر کالج سے انٹر کی تعلیم ، معروف ادارے جے ایس ہندو پی جی کالج امروہہ سے بی اے اور ایم ایچ پی جی کالج مراد آباد سے اردو ادب میں ایم اے کیا ،اس کے بعد آپ نے روہیل کھنڈ یونیورسٹی بریلی سے مشہور و معروف غزل گو شاعر ناصرؔ کاظمی کی حیات اور خدمات پر ڈاکٹریٹ (پی ایچ ڈی) مکمل کی ، علاوہ ازیں آپ نے آر بی ایم مسلم کالج امروہہ سے بی ایڈ بھی کیا ہے ، آپ کا شمار نوجوان نسل کے معتبر شعراء میں ہوتا ہے ، آپ نے شہر امروہہ کے استاد شاعر حضرت سیفیؔ امروہوی اور امین عالم رابن سے اصلاح لی ہے ، اب تک آپ کی چار تصانیف "ڈاکٹر شریف احمد قریشی بحیثیت فرہنگ نویس" (2015ء) ، "ناصرؔ کاظمی: حیات اور ادبی خدمات" (2016ء) ، "میں اور تم" (دیوناگری شعری مجموعہ-2019ء) اور "آنکھوں میں چبھتے خواب" (اردو شعری مجموعہ-2019ء) منظر عام پر آ کر کافی پذیرائی حاصل کر چکی ہیں۔


ناصرؔ امروہوی کا منتخب کلام