تعارف شاعر

poet

راغبؔ مراد آبادی

سید اصغر حسین راغب مراد آبادی

اردو کے مشہور شاعر جناب راغب مراد آبادی کا اصل نام سید اصغر حسین اور راغب تخلص تھا ، آپ موجودہ دورکےممتاز و مشہور  رباعی گو شاعراورلسانیات اور علم العروض کےماہر تھے ۔

آپ 27/ مارچ 1918ء کو  دہلی میں پیدا ہوئے۔ آپ کا آبائی وطن مراد آباد تھا جہاں آپ کا بچپن لڑکپن گزرا ، آپ نے بی اے کے علاوہ طبیہ کالج دہلی سے طب کی سند بھی حاصل کی اور سرکاری ملازمت کو ذریعہ معاش بناتے محمکہ سپلائی سے وابستہ ہو گئے ، تقسیم ہند کے بعد پاکستان ہجرت کر کراچی منتقل ہو گئے تو یہاں بھی سرکاری ملازمت کرتے 1980ء میں بحیثیت افسر تعلقات عامہ وظیفہ یاب ہوئے۔

آپ نے تقریباً تمام اصناف سخن میں طبع آزمائی کی ، رباعی آپ کی سب سے زیادہ پسندیدہ صنف سخن تھی ، تاریخ گوئی میں بھی خاصا ملکہ حاصل تھا ، فی البدیہہ اشعار کہنے میں مہارت حاصل تھی ، جوش ملیح آبادی کے قریبی ساتھیوں میں شمار تھا ، شاعری میں مرزا چنگیزی و صفی لکھنوی سے اور صحافت میں مولانا ظفر خاں سے شاگردی تھی ، اردو اور فارسی کے علاوہ سنسکرت ، پنجابی اور انگریزی پر بھی عبور حاصل تھا ،  چالیس شعری و نثری مجموعے حیات میں شائع ہوئے جبکہ تقریباً بتیس مسودے بھی موجودتھے ، "ضیائے سخن" ، "رگِ گفتار" (اُردووفارسی غزلیات و رباعیات) ، "مدحِ رسول" (غیر منقوط نعتیہ کلام) ، "مدحت خیر البشر" (نعتیہ اشعار) ، "مکالمات جوش و راغب" ، "عزم و ایثار" (منظومات) ، "ہمارا کشمیر" (منظومات) ، "محنت کی ریت" (منظومات) ، "حضور خاتم الانبیاء" (سلام،نعتیہ رباعیات) ، "ساغر صد رنگ" (100 منتخب اشعار) ، "بدرالدجٰی" (نعتیں) ان کی اہم تصانیف ہیں ، آپ کو حکومت پاکستان نے ادبی خدمات کے اعتراف میں "تمغۂ حسن کارکردگی" سے بھی نوازا ، آپ نے مسلم لیگ کی فعال رکن کی حیثیت سے بھی سیاسی خدمات انجام دیں ، آپ 18/ جنوری 1911ء کو کراچی میں انتقال کر گئے۔


راغبؔ مراد آبادی کا منتخب کلام