تعارف شاعر

poet

ڈاکٹر بشیر بدرؔ

اردو زبان کے موجودہ دور کے مشہور و معروف شاعر جناب ڈاکٹر بشیر بدرؔ 15/ فروری 1935ء کو ایودھیا (اترپردیش) میں پیدا ہوئے۔

ان کا اصل نام سید محمد بشیر اور والد کا نام سید محمد نظیر ہے جب کہ اردو دنیا ان کو ڈاکٹر بشیر بدرؔ کے نام سے جانتی ہے ، انہوں نے 14 سال کی عمر میں ہائی اسکول فرسٹ ڈویژن میں پاس کیا اور پھر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے بی اے اور ایم اے کی ڈگری حاصل کی اور 1973ء میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری مکمل کی ، دوران طالب علمی آپ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی میگزین کے ایڈیٹر بھی رہے ، اس کے بعد آپ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں لکچررشپ کے بھی فرائض انجام دئے ، بعد ازاں آپ میرٹھ یونیورسٹی میں شعبۂ اردو سے منسلک رہے جہاں آپ نے تقریباً 17/ سال اپنی خدمات انجام دیں ، بعد میں فسادات کے بعد آپ نے اس شہر کو چھوڑا اور پھر دہلی ہوتے بھوپال آ کر مقیم ہوگئے۔

آپ کی ادبی خدمات کے اعتراف میں 1999ء میں آپ کو "پدم شری ایوارڈ" سے نوازا گیا ، اس کے علاوہ آپ کو اترپردیش ارو داکادمی اور بہار اردو اکادمی کی جانب سے بھی متعدد اعزازات کے علاوہ "میر ایوارڈ" سے بھی نوازا گیا  ، اس کے علاوہ آپ نے اردو اکادمی کی چیرمین شپ کے بھی فرائض انجام دئیے۔

آپ نے اپنی شاعری کا آغاز اندازاً 7/ سال کی عمر میں کیا ، بنیادی طور پر آپ ایک غزل گو شاعر کی حیثیت رکھتے ہیں ، "اکائی ، امیج ، آمد ، آہٹ ، اجالے اپنی یادوں کے ، کلیات بشیر بدرؔ" آپ کے مجموہائے کلام میں بہت نمایاں اور ممتاز ہیں جب کہ "آزادی کے بعد اردو غزل کا تنقیدی مطالعہ" اور "بیسویں صدی میں غزل" آپ کی بہترین تصانیف ہیں ، برصغیر اور خلیجی ممالک کے علاوہ آپ نے کئی ایک مشاعروں کو اپنی شرکت سے یادگار بھی بنایا ہے۔


ڈاکٹر بشیر بدرؔ کا منتخب کلام