نور کس کا ہے چاند تاروں میں

حمد| اسحٰق حسانؔ انتخاب| بزم سخن

نور کس کا ہے چاند تاروں میں
حسن کس کا ہے بشاروں میں
کس کی قدرت سے دن نکلتا ہے
حکم دنیا پہ کس کا چلتا ہے
کون ارض و سما کا خالق ہے
کون جنّ و بشر کا رازق ہے
کون موت و حیات دیتا ہے
صبح دیتا ہے رات دیتا ہے
پیڑ پودے اُگائے ہیں کس نے
بیل بوٹے سجائے ہیں کس نے
کس نے سورج کو روشنی دی ہے
کس نے پھولوں کو دلکشی دی ہے
کس نے کوئل کو نغمگی دی ہے
کس نے جگنو کو روشنی دی ہے
کس نے شاعر کو آگہی دی ہے
علم و عرفاں کی روشنی دی ہے
کون بلبل کو ساز دیتا ہے
کیف و سوز و گداز دیتا ہے
کون اوجِ کمال دیتا ہے
کون رنجِ زوال دیتا ہے
یہ گواہی ہے قلبِ انساں کی
سب یہ قدرت ہے ربِّ ذیشاں کی


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام