ٹھنڈی ہوائیں آئیں اودی گھٹائیں چھائیں

ادب اطفال| اسحٰق حسانؔ انتخاب| بزم سخن

نوجوان شاعر اسحق حسان بھٹکلی کی برسات پر ایک نظم

ٹھنڈی ہوائیں آئیں
اودی گھٹائیں چھائیں
کیا سرد ہیں ہوائیں
کیا مست ہیں فضائیں
سبزے کا فرش ہر سُو
کوئل کی گونجی کُو کُو
کوئل جو کُوکتی ہے
سنگیت تُھوکتی ہے
شاخیں لٹک رہی ہیں
چڑیاں چہک رہی ہیں
بجلی کڑک رہی ہے
پیہم چمک رہی ہے
دن بھر جھڑی لگی ہے
پانی گلی گلی ہے
چشمے اُبل رہے ہیں
بچے مچل رہے ہیں
گلشن کی یہ بہاریں
کوئل کی یہ پکاریں
یہ کَیف زا فضائیں
بارش کی ہیں عطائیں
برسات کا یہ موسم
ہے رنگ و بُو کا عالم
بارش اگر نہ ہوتی
دنیا بہار کھوتی
بارش کا جو ہے خالق
ہم سب کا وہ ہے رازق
دل کی یہی صدا ہے
سب کا وہی خدا ہے


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام