قناعت کی نظر سے بچ کے جب خواہش نکلتی ہے

غزل| ابن حسؔن بھٹکلی انتخاب| بزم سخن

قناعت کی نظر سے بچ کے جب خواہش نکلتی ہے
تو میرے دل میں پھر تھوڑی سی گنجائش نکلتی ہے
میں جس کو میرے اپنوں کی محبت مان لیتا ہوں
کبھی جب تصفیہ ہوتا ہے وہ سازش نکلتی ہے
وہ جگنو ہے چمکنا بس اسی کا وصف ہے ورنہ
یونہی ہر اک پتنگے سے کہاں تابش نکلتی ہے
کسی کے ظرف کی وسعت کوئی جانے تو کیا جانے
کہاں سے اور کہاں تک اس کی پیمائش نکلتی ہے
سمندر سوکھنے لگتا ہے جب سورج کی حدت سے
تو پھر سیراب کرنے کے لئے بارش نکلتی ہے
مجھے ابن حسنؔ کچھ اور ہی کرنے کی خواہش ہے
مگر حالات کی کچھ اور فرمائش نکلتی ہے



پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام