ہدایت دے مجھے یارب کروں مدحت قرینے سے

نعت| عاؔزم بھٹکلی انتخاب| بزم سخن

ہدایت دے مجھے یارب کروں مدحت قرینے سے
نبیؐ کا عشق ہے مضطر عیاں ہونے کو سینے سے
بروزِ حشر مجھ کو فضل کی امید اس پر ہے
غلامِ مصطفیؐ ہوں میں محبت ہے مدینے سے
یہ اک سادہ حقیقت ہے مسلمانو سمجھ جاو
وہ ڈوبے گا جو اترے گا محمدؐ کے سفینے سے
خدا کا ذکر ہوتا ہو نہ مدحت ہی محمدؐ کی
تو مر جانا ہی بہتر ہے مسلماں ایسے جینے سے
نہیں جنت کی کچھ حسرت پڑا رہنے دو بس یونہی
سکوں ایسا کہاں حاصل بجز روضے کے زینے سے
خدا محبوبؐ کی مدحت میں میں نے نعت لکھی ہے
میں عاصی ہوں مگر نکلے ہیں سب الفاظ سینے سے

جو نعتِ مصطفی لکھو تو عازمؔ سوچ کر لکھو
ثناء گوئی محمدؐ کی ہے نازک آبگینے سے


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام