جس کی آنکھیں غزل ہر ادا شعر ہے

غزل| حبیب جالبؔ انتخاب| بزم سخن

جس کی آنکھیں غزل ہر ادا شعر ہے
وہ مری شاعری ہے مرا شعر ہے
وہ حسیں زلف شب کا فسانہ لئے
وہ بدن نغمگی وہ قبا شعر ہے
وہ تکلم لہکتی ہوئی چاندنی
وہ تبسم مہکتا ہوا شعر ہے
پھول بھی ہیں بہاریں بھی ہیں گیت بھی
ہم نشیں اس گلی کی فضا شعر ہے
جس سے روشن تھا دل وہ کرن چھن گئی
اپنے جینے کا اب آسرا شعر ہے
اپنے انداز میں بات اپنی کہو
میرؔ کا شعر تو میرؔ کا شعر ہے
میں جہانِ ادب میں اکیلا نہیں
ہر قدم پر مرا ہم نوا شعر ہے
عرش پر خود کو محسوس ہم نے کیا
جب کسی نے کہا واہ کیا شعر ہے
اک قیامت ہے جالبؔ یہ تنقیدِ نو
جو سمجھ میں نہ آۓ بڑا شعر ہے


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام