یہ ہم زمین پہ چل کر روا روی میں گرے

غزل| مضطؔر مجاز انتخاب| بزم سخن

یہ ہم زمین پہ چل کر روا روی میں گرے
یہ آپ اتنی بلندی سے کس خوشی میں گرے
شکستہ پا بھی ہم اندھے بھی ہم گرے بھی تو کیا
نظر پہ ناز جنہیں تھا وہ روشنی میں گرے
ہماری راہ میں گہرا اَنا کا کھڈ بھی تھا
اسی میں گرنے کا ڈرتھا ہمیں اسی میں گرے
تمام کوچہ و بازار گھوم گھام آئے
گرے جو آ کے تو ہم اپنی ہی گلی میں گرے
ہماری منطق الگ ہے ہماری سوچ الگ
کہ ہم ندی میں سمندر کی دوستی میں گرے
چھپا چھپا کے جو اس سے رکھے تھے چند آنسو
اسی کے سامنے مضطؔر ہنسی ہنسی میں گرے



پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام