قسمت سے مل گئی ہے قیادت حضور کی

نعت| مولانا ذکی کیفیؔ انتخاب| بزم سخن

قسمت سے مل گئی ہے قیادت حضور کی
الله کا کرم ہے عنایت حضور کی
دو حرف ہیں خلاصۂ عرفان و آگہی
وحدانیت خدا کی رسالت حضور کی
بھر لی ہیں ہر گدا نے سعادت سے جھولیاں
نگری رہے ہمیشہ سلامت حضور کی
گل کی مِہک صبا کی روش چاندنی کی رو
یہ سب کی سب ہیں گردِ لطافت حضور کی
پڑھ پڑھ درود نطق بھی سرشار کیوں نہ ہو
اس میں جھلک رہی ہے فصاحت حضور کی
آمد کا مژدہ دے کے گئے تھے خلیل بھی
سمجھا گئے مسیح علامت حضور کی
ربِّ کریم! شانِ کریمی کا واسطہ
جنت میں ہو نصیب رفاقت حضور کی
ہر دور میں جدید تقاضوں کے ساتھ ساتھ
ہوتی ہے آشکار صداقت حضور کی
حاتم کا ذکر کیا وہ زمانہ گزر گیا
جاری ہے آج تک بھی سخاوت رسول کی
قرباں ہم اُس پہ وہ ہمیں محبوب کیوں نہ ہو
ایمان ہے خدا پہ امانت حضور کی
بوبکر و عمر پہ یہ انعام ختم ہے
ہر آن مل رہی ہے سعادت حضور کی
کیفؔی ! خدا نصیب کرے اپنے فضل سے
الفت کے ساتھ ساتھ اطاعت حضور کی


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام