محمدؐ افضل و برتر درود ان پر سلام ان پر

نعت| مولانا محمد ثانی حسنی انتخاب| بزم سخن

محمدؐ افضل و برتر درود ان پر سلام ان پر
خدا کی رحمتیں جن پر درود ان پر سلام ان پر
وہ سرکار دو عالم ہیں وہ فخر ولد آدمؑ ہیں
فدا ان پر مہ و اختر درود ان پر سلام ان پر
دکھائی راہِ حق ہم کو بچایا راہِ باطل سے
ہے احسان ان کا ہم سب پر درود ان پر سلام ان پر
بلا شک ان کے قدموں میں ہے تختِ قیصر و کسری
مگر ہے خاک کا بستر درود ان پر سلام ان پر
انہیں پر تکیہ کرتے ہیں غریب و بے کس و بے بس
کہ ہیں وہ رحمتِ داور درود ان پر سلام ان پر
یتیموں کے وہ والی ہیں غلاموں کے وہ مولی ہیں
ہیں ان کے اصغر و اکبر درود ان پر سلام ان پر
نہیں کوئی نبی بعد ان کے آئے گا قیامت تک
نبوت ختم ہے ان پر درود ان پر سلام ان پر
مقیمِ طابہ و طیبہ مکینِ گنبدِ خضراء
دفینِ روضۂ اطہر درود ان پر سلام ان پر
زمیں میں جتنے ذرے ہیں فلک پر جتنے تارے ہیں
برابر ان کے کیا اکثر درود ان پر سلام ان پر
نہیں دیکھا کسی نے آج تک ان سا حسیں کوئی
ہے رشکِ مہ روئے انور درود ان پر سلام ان پر
ہم ایسے تشنہ کاموں کو مبارک ہو مبارک ہو
کہ ہیں وہ ساقیٔ کوثر درود ان پر سلام ان پر
خطاؤں پر پکڑ لیکن خطا کاروں کے حامی پر
وہی ہیں شافعِ محشر درود ان پر سلام ان پر

زبانوں پر ہر اک مخلوق کی آدمؑ سے محشر تک
مسلسل رات بھر دن بھر درود ان پر سلام ان پر


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام