بیانِ شوق پہ مائل وہ کم نظر ہوں گے

غزل| مخمورؔ سعیدی انتخاب| بزم سخن

بیانِ شوق پہ مائل وہ کم نظر ہوں گے
جو ضبطِ شوق کی لذت سے بے خبر ہوں گے
لذیذ ہو تو حکایت دراز ہوتی ہے
ہم اہلِ غم کے فسانے تو مختصر ہوں گے
ملے گی عشق کی ان میں بھی کار فرمائی
وہ حادثے جو کسی اور نام پر ہوں گے
کھلا نہ تھا یہ کبھی راز ان کی قربت میں
کہ دور ہو کے وہ مجھ سے قریب تر ہوں گے
تو آفتاب حقیقت کہیں طلوع تو ہو
نہ ہو سکیں ترے ہم روبرو مگر ہوں گے
جو گا دئے ہیں وہ نغمے بھی خیر میرے ہیں
مگر جو گا نہ سکا وہ حسین تر ہوں گے
اب ان کا ذکر مری گفتگو میں ہے مخمورؔ
اب اعتراض مری بات بات پر ہوں گے


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام