تعارف شاعر

poet

صبیحہ خاتون صباؔ

ڈاکٹر سیدہ صبیحہ خاتون صباؔ

مشرقی اقدار و روایات اور مشرقی اندازِ احساس سے آگاہ اردو غزل کی شاعرہ محترمہ ڈاکٹر صبیحہ صباؔ جن کا سیدہ صبیحہ خاتون اصل نام اور صباؔ تخلص ہے امریکی ریاست وایومنگ یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کرنے کے بعد علمی و ادبی حلقوں میں ڈاکٹر صبیحہ صباؔ کے نام سے مشہور ہیں جب کہ آپ ایک سائنس دان کی حیثیت سے امریکہ شہر نیویارک میں مقیم ہیں۔

آپ ریاست اترپردیش کے قنوج شہر میں ایسے گھرانے میں پیدا ہوئیں جو کہ اپنے علم و فضل اور ادب و دین داری میں مشہور تھا ، آپ کے دادا سید عبد الرحمن حسنی مصنف "گل رعنا" جناب حکیم سید عبد الحئی حسنی کے برادر تھے اور آپ کی دادی نواب صدیق حسن خاں محدّث کی نواسی تھیں ، یوں ایک علمی و ادبی گھرانے میں آپ کی پرورش ہوئی ، آپ نے اپنے والد جناب سید عبد العزیز شمیم کی ایماء پر 1982ء میں اس وقت شاعری کا آغاز کیا جب آپ امریکی وایومنگ یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھیں ، آپ شستہ و شائستہ زبان میں شاعری کرتی ہیں ، سائنس کے ایک خشک مضمون کی طالبہ و ریسرچ اسکالر ہونے کے باوجود آپ نے اپنی اس میراث کو بخوبی سنبھالے رکھا ہے ، آپ ریاستہائے امریکہ و کینڈا کی مختلف ادبی و شعری محفلوں کو اپنے کلام سے تازگی بخشتی رہتی ہیں ، "چشم ستارا شمار" آن کی ان ریاضتوں کا گنجینہ ہے ، آپ کے شوہر جناب سید عبد الحئی کلیم بھی ادب نواز شخصیت ہیں اور انہوں غالب سوسائٹی نیویارک کے بانی صدر ہیں۔

نوٹ:۔ ہم اس بات کی جانب اشارہ ضروری سمجھتے ہیں کہ صبیحہ صباؔ کے نام سے ایک اور شاعرہ محترمہ صبیحہ سلطانہ صباؔ بھی ہیں جو اس وقت کراچی میں مقیم ہیں اور محترم ضمیر احمد جعفری صاحب کی ازدواجیت میں ان کے شانہ بہ شانہ شعر و ادب کی خدمت میں منہمک ہیں، ان کا تعارف اگلے شاعر کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔


صبیحہ خاتون صباؔ کا منتخب کلام