تعارف شاعر

poet

سید معراج جامیؔ

سید معراج مصطفٰی حسین ہاشمی جامی

اردو شاعر ، افسانہ نگار ، سفرنامہ نگار ، خاکہ نویس اور کتابوں کے پبلشر جناب سید معراج جامی کا تعلق پاکستان کے لاہور شہر سے ہے اور آپ برطانیہ سے جاری ہونے والا علمی ادبی اور تحقیقی مجلہ "پرواز" کے مدیر بھی ہیں۔

آپ کا اصل نام سید معراج مصطفٰی حسین ہاشمی ، جامی تخلص اور قلمی نام معراج جامی ہے ، آپ 12/ اپریل 1955ء کو لاہور پاکستان میں پیدا ہوئے ، آپ نے ابتدائی تعلیم سے لیکر بی اے تک صوبہ سندھ کے ضلع دادو میں حاصل کی ، اس کے بعد سندھ یونیورسٹی سے ایم اے (اسلامک اسٹڈیز) اور ایم اے (اردو) کے امتحانات پاس کیا ، آپ نے ایک ادبی "بزم تخلیق ادب پاکستان" بھی بنائی جس کے تحت اشاعتِ کتب کا اپنا کاروبار بھی جاری ہے۔

آپ اردو کے نامور شاعر اور فلمی نغمہ نگار فیاض ہاشمی کے بھائی ہیں جن کی صحبت سے آپ کو بھی شعر و شاعری سے دلچسپی شروع ہوئی ، آپ نے جناب بیخود دہلوی کے شاگرد جناب فدا خالد دہلوی سے اصلاح لی ، آپ نے ابتدا میں غزلیں کہیں پھر اس کے بعد آپ نعت منقبت اور قطعات بھی کہے ، آپ افسانہ نگاری ، اور خاکے بھی لکھتے ہیں ، آپ کی تصانیف میں "روزنِ خیال" (فروری 1992ء) ، "اردو کے مشہور اشعار" (1995ء ، 2000ء ، 2021ء) ، "بیوی سے چھپ کر" (سین ریو،2003ء) ، "متعلقاتِ مشفق خواجہ" (2008ء) ، "انگلستان خدا کی شان" (2011ء) ، "مقالاتِ افتتاحیہ" (2011ء) ، "ساون میں دھوپ کا خالق: ودیا ساگر آنند" ، "معراجِ عقیدت" (حمد، نعت و منقبت ، 2013ء) ، "اور ٹیلی فون بند ہو گیا" (افسانچے ، انشائیے ، مطائبات ، 2021ء) ، "معراج محبت" (خاکے، 2021ء) اور "رئیس فاطمہ: احوال و آثار" (2023ء) نمایاں ہیں۔(تصویر / ریختہ)


سید معراج جامیؔ کا منتخب کلام