تعارف شاعر

poet

شمیمؔ جے پوری

فہیم الحسن شمیم جے پوری

شمیم جے پوری اردو شعر و ادب اور اردو مشاعروں کے بہت بڑے مقبول شاعر تھے اور اپنی مترنم آواز اور فلمی دنیا میں ان کے کلام کی مقبولیت نے انہیں بڑی شہرت دی۔

شمیم جے پوری کا اصل نام فہیم الحسن مرزا تھا ، یہ 1933ء میں جے پور میں پیدا ہوئے ، پھر تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے میرٹھ آ گئے ، میرٹھ میں ادبی سرگرمیاں بھی کافی تھیں بلکہ دہلی لکھنو کی طرح میرٹھ میں بھی مشاعروں کی محفلیں خوب جمتی تھیں اور ادب کا اچھا خاصا ماحول تھا اور اس ماحول میں شمیم جے پوری کی پرورش ہوئی اور انھیں بھی شعر و ادب سے دلچسپی پیدا ہوگئی۔

پھر وہ فہیم الحسن سے شمیم جے پوری ہو گئے اور مشاعروں میں بھی جانے لگے اسی دوران ان کی ملاقات اس دور کے ایک استاد شاعر تسکین قریشی سے ہوئی ، تسکین قریشی نہ صرف ایک جید اور سینئر شاعر تھے بلکہ ان کے بے شمار شاگرد بھی تھے ، شمیم جے پوری نے بھی پھر ان کی شاگردی اختیار کر لی اور اس طرح ان کی شاعری میں بھی کافی دم خم پیدا ہو گیا اور یہ بھی مشاعروں میں مدعو کیے جانے لگے ، شمیم جے پوری تحت اللفظ کے ساتھ بھی غزل پڑھتے تھے اور ترنم کے ساتھ بھی غزل سناتے تو مشاعرہ لوٹ لیتے تھے۔

اسی شاعری ، اسی مقبول عام ترنم اور مشاعروں کی مقبولیت نے انہیں فلم انڈسٹری تک پہنچایا اور انہوں نے فلمی دنیا کو کئی مقبول عام نغمے دیئے ، وہ زیادہ عرصہ تک فلمی دنیا سے وابستہ نہ رہ سکے اور آہستہ آہستہ فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرتے دوبارہ ادب کی طرف آ گئے۔

آخری دنوں میں یہ شدید بیمار ہوگئے تھے اور پھر اسی بیماری کی حالت میں 30/ مئی 2003ء میں اس دنیائے فانی سے رشتہ توڑ کر اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

یونس ہمدم/ایکسپریس نیوز(اختصار کے ساتھ)


شمیمؔ جے پوری کا منتخب کلام