آہ کو چاہئے اک عمر اثر ہونے تک​

غزل| مرزا غالبؔ انتخاب| بزم سخن

آہ کو چاہئے اک عمر اثر ہونے تک​
کون جیتا ہے تری زلف کے سر ہونے تک​
دام ہر موج میں ہے حلقۂ صد کامِ نہنگ​
دیکھیں کیا گُزرے ہے قطرے پہ گہر ہونے تک​
عاشقی صبر طلب اور تمنّا بے تاب​
دل کا کیا رنگ کروں خونِ جگر ہونے تک​
ہم نے مانا کہ تغافل نہ کرو گے لیکن​
خاک ہو جائیں گے ہم تم کو خبر ہونے تک​
پرتوِ خور سے ہے شبنم کو فنا کی تعلیم​
میں بھی ہوں ایک عنایت کی نظر ہونے تک​
یک نظر بیش نہیں فرصتِ ہستی غافل
گرمئِ بزم ہے اک رقصِ شرر ہونے تک​

غمِ ہستی کا اسدؔ کس سے ہو جز مرگ علاج​
شمع ہر رنگ میں جلتی ہے سحر ہونے تک​


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام