اہلِ دل کو تجھ سے بڑھ کر کب ہے پیاری زندگی

غزل| نریش کمار شادؔ انتخاب| بزم سخن

اہلِ دل کو تجھ سے بڑھ کر کب ہے پیاری زندگی
تجھ پہ کر دیں گے نچھاور اپنی ساری زندگی
جسم ساکت ، روح مضطر ، آنکھ حیراں ، دل اداس
زندگی کا مضحکہ ہے یہ ہماری زندگی
لے کے شبنم کا مقدر آئے تھے دنیا میں ہم
گلشنِ ہستی میں رو رو کر گزاری زندگی
کشمکش ہوتی رہی دن رات مرگ و زیست کی
انتہا میں موت جیتی اور ہاری زندگی
زندگی کو موت کہہ دینا اسے مشکل نہیں
غور سے دیکھے اگر کوئی ہماری زندگی
ہر گھڑی ہر لحظہ دامن گیر تھا خوفِ اجل
کیا بتاؤں کس طرح میں نے گزاری زندگی
راس کیا آئیں سرائے دہر کی رنگینیاں
اک مسافر کی طرح میں نے گزاری زندگی
ایک دن مجھ تک نہ آیا بادۂ عشرت کا دور
تلخیوں سے پُر رہی ائے شادؔ ساری زندگی



پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام