چاند ستاروں سے کیا پوچھوں کب دن میرے پھرتے ہیں

غزل| عابد علی عابدؔ انتخاب| بزم سخن

چاند ستاروں سے کیا پوچھوں کب دن میرے پھرتے ہیں
وہ تو بچارے خود ہیں بھکاری ڈیرے ڈیرے پھرتے ہیں
جن گلیوں میں ہم نے سکھ کی سیج پہ راتیں کاٹی تھیں
ان گلیوں میں بیاکل ہو کر سانجھ سویرے پھرتے ہیں
روپ سروپ کی جوت جگانا اس نگری میں جوکھم ہے
چاروں کھونٹ بگولے بن کر گھور اندھیرے پھرتے ہیں
جن کے شیام برن سائے میں میرا من سستایا تھا
اب تک آنکھوں کے آگے وہ بال گھنیرے پھرتے ہیں
کوئی ہمیں بھی یہ سمجھا دو ان پر دل کیوں ریجھ گیا
تیکھی چتون بانکی چھب والے بہتیرے پھرتے ہیں
اک دن اس نے نین ملا کے شرما کے مکھ موڑا تھا
تب سے سندر سندر سپنے من کو گھیرے پھرتے ہیں
اس نگری کے باغ اور بن کی یارو لیلیٰ نیاری ہے
پنچھی اپنے سر پہ اٹھا کر اپنے بسیرے پھرتے ہیں
لوگ تو دامن سی لیتے ہیں جیسے ہو جی لیتے ہیں
عابدؔ ہم دیوانے ہیں جو بال بکھیرے پھرتے ہیں



پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام