میں جو کل پیرہن خاک بدل کر آیا

غزل| جمالؔ احسانی انتخاب| بزم سخن

میں جو کل پیرہنِ خاک بدل کر آیا
وہ بھی ملنے نئی پوشاک بدل کر آیا
اے زمیں زاد تری رفعتیں چھونے کے لئے
تجھ تلک میں کئی افلاک بدل کر آیا
ہم سے کر بے سر و سامانئ ہجرت پہ سوال
اس سے مت پوچھ جو املاک بدل کر آیا
عشق میں کوئی تکلف کی ضرورت تو نہیں
پھر وہ کیوں دیدۂ نمناک بدل کر آیا
اُس کو راس آئی ہے یہ بزمِ جہاں جو بھی یہاں
اپنا پیمانۂ ادراک بدل کر آیا
آنسوؤں سے نہ بدل پایا رخِ باد جمالؔ
پر مزاجِ خس و خاشاک بدل کر آیا



پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام