ایک تم ہی نہیں دنیا میں جفا کار بہت

غزل| غلام ربانی تاباںؔ انتخاب| بزم سخن

ایک تم ہی نہیں دنیا میں جفا کار بہت
دل سلامت ہے تو دل کے لئے آزار بہت
ہائے کیا چیز ہے محرومی و غم کا رشتہ
مل گئے زیست کے ہر موڑ پہ غم خوار بہت
یادِ احباب کی خوشبو سے مہکتی شامیں
کچھ کہو ہوتی ہیں کم بخت دل آزار بہت
عشق آوارہ کہاں قیدِ در و بام کہاں
بے نواوؤں کے لیے سایۂ دیوار بہت
دل کی رفتار بدل جاتی تھی آواز کے ساتھ
یاد آتا ہے وہ پیرایۂ گفتار بہت
ایک دن وقت بتائے گا جنوں کی عظمت
یوں تو ہم لوگ ہیں رسوا سرِ بازار بہت
وہ کشاکش ہے کہ جینا بھی ہے دوبھر تاباںؔ
عشق معصوم بہت حسن فسوں کار بہت


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام