نعت کیا ہے؟ نعت مِدحت ہے رسول اللہ کی

نظم| ابن حسؔن بھٹکلی انتخاب| بزم سخن

نعت کیا ہے؟ نعت مِدحت ہے رسول اللہ کی
نعت کرتی ہے بیاں سیرت رسول اللہ کی
نعت کیا ہے یہ ذرا قرآن پڑھ کر دیکھئے
معترف ہے ایک اک آیت رسول اللہ کی
نعت گوئی کا ہنر حسنِ تغزّل کی دلیل
یہ سعادت ہے یہ معراجِ تخیل کی دلیل
نعت گلہائے عقیدت ہے بہارِ خلد ہے
معتبر صنفِ سخن ہے اعتبارِ خلد ہے
وہ کہ جس کے حُسن کا صدقہ ہے ساری کائنات
شاہکارِ دستِ قدرت ہے وقارِ خلد ہے
دورِ حاضر کا تقاضہ بھی ہے یہ تحریک بھی
دور کر دیتی ہے ذہن و دل سے یہ تشکیک بھی
نعت کا مقصد رفاہِ عام کی ترغیب ہے
نعت کی تشریح کارِ خیر کی تصویب ہے
ہم پہ اسرارِ نبوّت منکشف کرتی ہے نعت
نعت الفاظ و معانی کی حسیں ترتیب ہے
در حقیقت نعت اک اک حرف کی تطہیر ہے
نعت اوصافِ نبی کی مستند تفسیر ہے
اُسوۂ حسنہ کی ہے یہ اک مفصّل داستاں
قابلِ تقلید ہے بے شک مکمل داستاں
چند لفظوں میں بیاں ہوجائے ممکن ہی نہیں
سلسلہ در سلسلہ ہے یہ مسلسل داستاں
نعت گوئی کا یہ فن اعزاز ہے ابنِ حسنؔ
نعت خوانی روح کی آواز ہے ابنِ حسنؔ


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام