چہروں پہ لکھا ہے کوئی اپنا نہیں ملتا

غزل| جاذبؔ قریشی انتخاب| ابو الحسن علی

چہروں پہ لکھا ہے کوئی اپنا نہیں ملتا
کیا شہر ہے اک شخص بھی جھوٹا نہیں ملتا
چاہت کی قبا میں تو بدن اور جلیں گے
صحرا کے شجر سے کوئی دریا نہیں ملتا
میں جان گیا ہوں تری خوشبو کی رقابت
تو مجھ سے ملے تو غمِ دنیا نہیں ملتا
زلف و لب و رخسار کے آذر تو بہت ہیں
ٹوٹے ہوئے خوابوں کا مسیحا نہیں ملتا
میں اپنے خیالوں کی تھکن کیسے اتاروں
رنگوں میں کوئی رنگ بھی گہرا نہیں ملتا
ڈوبے ہوئے سورج کو سمندر سے نکالو
ساحل کو جلانے سے اجالا نہیں ملتا



پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام