تعارف شاعر

poet

صبیحؔ رحمانی

سيد صبیح الدين رحمانی

 جناب صبیح رحمانی پاکستان سے تعلق رکھنے والے معروف نعت خواں ، نعت گو شاعر اور نعتیہ ادب کے محقق و نقاد کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں ، آپ اس وقت نعتیہ جریدہ "نعت رنگ" کے مدیر ، ادارہ نعت ریسرچ سینٹر کے بانی سیکریٹری جنرل اور ادارہ یادگار غالب کراچی کے صدر ہیں ، آپ کا مکمل نام جناب سيد صبیح الدين رحمانی اور تخلص صبیحؔ ہے۔

آپ کی پیدائش27/ جون 1965ء کو کراچی میں سید اسحاق الدین کے گھر ہوئی جو کہ دکن حیدرآباد کے سادات گھرانے سے تعلق رکھتے تھے ، آپ کی ابتدائی تعلیم حسن پرائمری اسکول میں ہوئی پھر اس کے بعد فیڈرل گورنمنٹ اسکول ناظم آباد چورنگی سے میٹرک ، گورنمنٹ اسلامیہ کالج کراچی سے ایف اے ، جامعہ کراچی سے بی اے اور 1998ء میں جامعہ کراچی سے ایم اے (اردو ادب) کی ڈگری حاصل کی ، آپ نے حصول تعلیم کے بعد ملازمت کا آغاز 1983ء میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ میں بحیثیت ٹیلی فون آپریٹر کیا ، اس کے بعد ٹی وی چینل "اے آر وائی" میں ریسرچ ڈائریکٹر ، سینئر پروڈیوسر اور ڈائریکٹر پروگرامز اینڈ پلاننگ کے عہدے پر فائز رہے ، بعد ازاں "شاہین ایئر لائن" میں بحیثیت ڈائریکٹر حج اور کنٹری ہیڈ سعودی عرب کے منصب پر فائز رہے۔

آپ کو بچپن ہی سے اپنے گھریلو ماحول کے سبب نعتیہ شاعری کا ذوق و شوق  تھا اور 1973ء سے کم عمری ہی میں نعت خوانی کرنے لگے ، آگے بڑھتے بڑھتے آپ کو ریڈیو پاکستان کے نعتیہ پروگراموں میں شرکت کا موقع ملا اور اسی طرح آپ کو ایس ٹی این پرائیویٹ ٹی وی چینل پر ایک نعتیہ مشاعرے میں بطور نعت گو اور نعت خواں شریک ہونے کا ملا جس میں کامیاب شرکت کے بعد اسی چینل نے آپ کی مشہور چار نعتیں نشر کیں ، یوں آپ نعت خوانی کے ساتھ ساتھ نعتیہ شاعری میں بھی مقبولِ عام ہوتے گئے ، آپ نے شاعری میں حافظ مستقیم ، فدا خالدی دہلوی اور شاہ انصار الہ آبادی سے اصلاح لی اور حافظ مظہر الدین ، حفیظ تائب ، ریاض مجید سے بھی استفادہ کیا ، آپ کا نعتیہ کلام کلیات کی شکل میں "کلیاتِ صبیح رحمانی" کے نام سے شائع ہو چکا ہے ، اس کے علاوہ نعتیہ مجموعے "جادہ رحمت" ، "ماہِ طیبہ" ، "خوابوں میں سنہری جالی ہے" کے ساتھ ساتھ ان نعتیہ مجموعوں کے انگریزی تراجم ، آپ کے نام مشاہیر کے خطوط کا مجموعہ "نعت نامے" اور حمد ونعت ، ادبی تحقیق و تنقید پر مشتمل اور بہت سی کتابیں شائع ہو چکی ہیں ، انہی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے آپ کو "تمغہ امتیاز" سے نوازا جب کہ اس کے علاوہ بیسیوں اور اعزازات و ایوارڈس دئے جا چکے ہیں۔ 


صبیحؔ رحمانی کا منتخب کلام