تعارف شاعر

poet

رعناؔ اکبر آبادی

شکور احمد رعنا اکبر آبادی

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

شکور احمد رعنا اکبر آبادی (پیدائش: 1895ء - 15 جنوری 1979ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے اردو زبان کے نامور شاعر تھے۔ اردو کے ممتاز شاعر نجم آفندی کے تلامذہ میں شامل تھے۔ پاکستان کے مشہور موسیقار سہیل رعنا ان کے فرزند اور اردو کے ممتاز شاعر صبا اکبر آبادی ان کے داماد تھے۔ انہوں نے حمد، نعت، منقبت، غزل، مرثیہ، سلام، رباعی اور اور قصیدہ کی اصنافِ سخن کے علاوہ بچوں اور ملی موضوعات پر لاتعداد نظمیں بھی لکھیں۔

حالات زندگی

رعنا اکبر آبادی 1895ء میں آگرہ، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام شکور احمد تھا، رعناؔ تخلص مگر اکبر آباد کی نسبت سے رعنا اکبر آبادی کے قلمی نام سے شہرت پائی۔ ان کے والد کا نام منشی نثار احمد تھا جو کہ محکمہ بندوبست میں انسپکٹر، منصرم اور تحصیل دار تھے۔ رعنا نے دینی تعلیم کے بعد اردو کی تعلیم حاصل کی۔ فارسی مولوی مفتی محمد اعظم سے حاصل کی۔ انگریزی تعلیم کے حصول کے لیے اپنی بہن کے پاس غازی پور چلے گئے جہاں انہوں نے انگریزی کی تعلیم کے ساتھ فارسی اور عربی میں بھی مہارت حاصل کی۔ دہلی میں منشی عالم اور مولوی فاضل کا امتحان پاس کیا۔ انہوں نے شاعری میں نجم آفندی سے اصلاح لی۔ غزل، نعت، منقبت، سلام، مرثیہ کے علاوہ نظمیں بھی کہیں۔ تقرباً دو سو نظمیں بچوں کے لیے اور سو سے زیادہ قومی نظمیں لکھیں۔ 1940ء میں ان کی نعت اور منقبت کا مجموعہ ذکر و فکر شائع ہوا جس میں اسلامی موضوعات پر نظمیں، سلام، رباعیات اور قصائد شامل ہیں۔ انہوں نے آگرہ سے ایک تجارتی رسالہ بھی جاری کیا جو تقریباً آٹھ سال جاری رہا۔ چار پانچ سال محکمہ ریلوے میں بھی ملازمت کی۔ تقسیم ہند کے بعد پاکستان چلے آئے اور کراچی میں مقیم ہو گئے۔ کراچی میں وہ کاروبار سے منسلک رہے۔ ان کے کئی شعری مجموعے شائع ہو چکے ہیں جن میں ذکر و فکر، غزالِ رعنا، منظوماتِ رعنا، رباعیاتِ رعنا اور تسبیح رعنا (نعتیہ مجموعہ) شامل ہیں۔ ان کی دختر کی شادی اردو کے ممتاز شاعر صبا اکبر آبادی سے ہوئی جبکہ رعنا اکبر آبادی کے فرزند سہیل رعنا پاکستان کے معروف موسیقار ہیں۔

رعنا اکبر آبادی 15 جنوری 1979ء میں کراچی، پاکستان میں انتقال کر گئے۔ وہ کراچی کے سوسائٹی قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔


رعناؔ اکبر آبادی کا منتخب کلام