زندگانی کو وقفِ شریعت کرو

نعت| اعجازؔ رحمانی انتخاب| بزم سخن

زندگانی کو وقفِ شریعت کرو
اپنے گھرسے اندھیروں کو رخصت کرو
دشمنوں کو بھی بڑھ کر لگاؤ گلے
مصطفیٰ کی طرح سب کی خدمت کرو
اپنی اولاد کو اچھی تعلیم دو
اپنے سرمایہ کو بیش قیمت کرو
آبیاری کرو نخلِ ایمان کی
دھوپ کو سایۂ ابرِ رحمت کرو
اپنے گھر کو بھی دیکھو بقولِ نبی
اپنے ہمسایہ کی بھی اعانت کرو
تھام کر دامنِ سید الانبیاء
بندگانِ خدا کی قیادت کرو
تم زمانہ کے محبوب بن جاؤ گے
اس سراپا کرم سے محبت کرو
غیر کے سامنے کیوں جھکاتے ہو سر
اپنے اللہ سے صرف منت کرو
ہے نبی سے محبت کا دعویٰ اگر
پیش صورت نہیں اپنی سیرت کرو
چاہتے ہو جو کونین میں آبرو
پیرویٔ نبی رب کی مدحت کرو
مانگ کر سایۂ دامنِ مصطفیٰ
اس جہنم کو اعجازؔ جنت کرو


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام