تعارف شاعر

poet

گلزارؔ دہلوی

پنڈت آنند موہن زتشی گلزار دہلوی کے نام سے مشہور فصیح اور نامور شاعر 07/ جولائی 1926ء کو دہلی کے ایک علمی گھرانے میں پیدا ہوئے۔

ان کے والد پنڈت تربھون ناتھ زتشی اپنے زمانے کے معروف شاعر تھے اور زارؔ دہلوی کے تخلص کے ساتھ مشہور تھے جب کہ ان کی والدہ رانی زتشی بھی شاعرہ تھیں اور بیزارؔ تخلص  رکھتی تھیں ، ان کی ابتدائی تعلیم رام جیشن اسکول اور بی وی جے سنسکرت اسکول میں ہوئی ، انہوں نے ہندو کالج سے ایم اے کیا اور قانون کی سند حاصل کی ، اس کت علاوہ انجمن ترقی اردو ہند سے ادیب فاضل کا امتحان پاس کیا۔

ان کو اردو شعر و چاعری پر بڑا عبور حاصل تھا اور انہوں نے منفرد لب و لہجے کے شاعر کے طور پر اُردو دنیا میں اپنی شناخت قائم کی ، مجاہد آزادی ہونے کی حیثیت سے ان کا انقلابی شاعروں میں بھی شمار ہوتا ہے ، ان کو "کونسل آف سائنٹفک انڈسٹریل ریسرچ سینٹر" کا ڈائریکٹر بھی مقرر کیا گیا اور یہیں سے انہوں نے "سائنس کی دنیا" نامی اردو رسالہ کی بحیثیت ایڈیٹر اپنی خدمات انجام دیں۔

گلزارِ غزل“ اور ”کلیاتِ گلزار دہلوی“ ان کی نمایاں شعری تصانیف ہیں اور ان کو ان ادبی و سماجی خدمات پر متعدد اعزازات اور ایوارڈس سے سرفراز کیا گیا جس میں غالب ایوارڈ، اندرا گاندھی میموریل قومی ایوارڈ ، میر تقی میر ایوارڈ ، عبد الکلام ایوارڈ اور حکومت ہند کی جانب سے پدم شری ایوارڈ بھی شامل ہیں۔

2019ء و 2020ء کی مہلک عالمی وبا کرونا مرض نے ان کو بھی اپنے چنگل میں لے لیا تھا مگر شفایابی کے کچھ ہی دنوں بعد وہ12/ جون 2020ء کو انتقال کرگئے۔


گلزارؔ دہلوی کا منتخب کلام