تعارف شاعر

poet

سید نفیس الحسینی نفیسؔ

سید انور حسین نفیس الحسینی

پاکستان سے تعلق رکھنے والے بزرگ عالم دین و روحانی شخصیت ، شاعر اور نامور خطاط ہونے کے ساتھ ساتھ خط نفیسی کے موجد جناب سید نفیس الحسینی کا اصل نام سید انور حسین اور تخلص نفیسؔ تھا۔

آپ 11/ مارچ 1933ء کو پاکستان کے ضلع سیالکوٹ موضع گھوڑیالہ میں پیدا ہوئے ، ابتدائی تعلیم سیالکوٹ کے قریبی قصبہ بھوپالہ کے ہائی اسکول میں اور اس کے بعد ایف اے تک تعلیم فیصل آباد میں حاصل کی ، فن خطاطی آپ کو والد ماجد سید القلم جناب سید محمد اشرف علی سے ورثہ میں ملا تھا جو خط "نسخ" کے ماہر اور قرآن مجید کی خطاطی میں مہارت اور شہرت رکھتے تھے لیکن آپ نے فن خطاطی کا باقاعدہ آغاز دوران تعلیم کیا اور اپنے سسر حکیم سید نیک عالم سے خطاطی کے رموز سیکھے اور بہت جلد عالم اسلام کے نامور خطاطوں میں شمار ہونے لگے ، آپ نے خط نستعلیق میں خط نفیسی کے نام سے ایک خط بھی ایجاد کیا تھا ، آپ خط نستعلیق کے علاوہ خط ثلث ، خط نسخ ، خط دیوانی ، خط رقعہ ، خط اعجاز اور خط کوفی پر یکساں عبور رکھتے تھے ، آپ کو حرم مکی کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں خطاطی کا موقع ملا جو کہ آپ کی شہرت فن کا منہ بولتا ثبوت ہے ، آپ نے ایران اور مصر میں فن خطاطی کے بین الاقوامی مقابلہ میں جج کی حیثیت سے شرکت کی ، فن خطاطی اور قرآنی خطاطی میں آپ کو کئی ایک انعامات اور ایوارڈس سے سرفراز کیا گیا ، آپ ایک بلند پایہ صوفی بزرگ و شیخ طریقت اور مشہور بزرگ جناب شاہ عبد القادر رائے پوری کے خلیفہ مجاز تھے ، آپ کو شعر و شاعری کا بھی بہترین ذوق تھا جس پر "برگ گل" کے نام سے مجموعۂ نعت و مناقب شاہد اور اہل ذوق میں مقبولِ عام ہے ، اسی کے ساتھ "ریحان عترت" کے نام سے فضائل اہل بیت پر مضامین کا ایک مستند جامع مجموعہ بھی آپ کی تصنیف ہے ، آپ 05/ فروری 2008ء کو لاہور پاکستان میں وفات پا گئے۔


سید نفیس الحسینی نفیسؔ کا منتخب کلام