جو بھی چلاّ کے ترنم میں ہیں گانے والے

بزم مزاح| افتخار راغبؔ انتخاب| بزم سخن

جو بھی چلاّ کے ترنم میں ہیں گانے والے
آج ان کو ہی بلاتے ہیں بلانے والے
کم سے کم میرا تخلص تو مجھے لوٹا دے
نام سے اپنے غزل میری سنانے والے
بھیج کر سارے ہی نیتاؤں کو سرحد پر لوگ
شاعروں کو ہیں الکشن میں لڑانے والے
آپ کو جُون میں بھی آب سے ڈر لگتا ہے
جنوری میں بھی نہاتے ہیں نہانے والے
دوستوں میں نظر آئیں گے پرانے دشمن
دشمنوں میں ہیں کئی دوست پرانے والے
کب تھے ہم دوست ذرا یاد دلا دے پہلے
دشمنی کے لیے اے ہاتھ بڑھانے والے
دانت منہ میں ہے نہ انگلی میں ہے جنبش پھر بھی
باز آتے ہیں کہاں عشق لڑانے والے
کون ہیں امن کے دشمن میں بتاؤں تم کو
کون انساں کو ہیں انساں سے لڑانے والے
جس پہ کرتے تھے سواری کبھی رام اور لکھن
اب اُسی رتھ پہ ہیں راون کے گھرانے والے
دل سے ہنستا ہے اُسی وقت زمانہ راغبؔ
خود پہ جب ہنستے ہیں اوروں کو ہنسانے والے



پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام