خلق کے سرور ، شافعِ محشر صلی اللہ علیہ و سلم

نعت| امیرؔ مینائی انتخاب| بزم سخن

خلق کے سرور ، شافعِ محشر صلی اللہ علیہ و سلم
مرسلِ داور ، خاص پیمبر صلی اللہ علیہ و سلم
نورِ مجسم ، نیرِ اعظم ، سرورِ عالم ، مونس آدم
نوح کے ہمدم ، خضر کے رہبر صلی اللہ علیہ و سلم
بحرِ سخاوت ، کانِ مروت ، آیۂ رحمت ، شافعِ امت
مالکِ جنت ، قاسمِ کوثر صلی اللہ علیہ و سلم
دولتِ دنیا خاک برابر ، ہاتھ کے خالی دل کے تونگر
مالکِ کشور، تخت نہ افسر صلی اللہ علیہ و سلم
رہبرِ موسی ، ہادیٔ عیسی ، تارکِ دنیا ، مالکِ عقبی
ہاتھ کا تکیہ ، خاک کا بستر صلی اللہ علیہ و سلم
مہر سے مملو ریشہ ریشہ ، نعت امیرؔ ہے اپنا پیشہ
وِرد ہمیشہ دن بھر شب بھر صلی اللہ علیہ و سلم


پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام