اس شخص کی قسمت میں نہ دنیا ہے نہ دیں ہے

نعت| ظفرؔ مراد آبادی انتخاب| بزم سخن

اس شخص کی قسمت میں نہ دنیا ہے نہ دیں ہے
شامل جو غلامانِ محمدؐ میں نہیں ہے
یہ اپنا عقیدہ ہے یہی اپنا یقیں ہے
ہم دور ہوں اس ذات سے وہ دور نہیں ہے
اللہ کا محبوبؐ سرِ عرشِ بریں ہے
امت کے سوا ذکر کوئی اور نہیں ہے
دنیا ہو کہ محشر ہو سفر ہو کہ حضر ہو
کیا خوف کہ جس دل میں ترا عشق مکیں ہے
بازیچۂ اطفال ہے وہ فکر و تجسس
وابستہ جو اس ذاتِ گرامی سے نہیں ہے
ذہنوں پہ نہیں جس کی حکومت ہے دلوں پر
وہ نورِ یقیں نورِ یقیں نورِ یقیں ہے
بے فیض ہے اس کے لئے تشبیہ و علامت
وہ ذاتِ مبارک جو ہر اک شے سے حسیں ہے
ہے ظلمتِ اوہام ظفرؔ مجھ سے گریزاں
اللہ کے محبوب کی الفت مرا دیں ہے



پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام