شامِ غم کچھ اس نگاہِ ناز کی باتیں کرو

غزل| فراؔق گورکھپوری انتخاب| بزم سخن

شامِ غم کچھ اس نگاہِ ناز کی باتیں کرو
بے خودی بڑھتی چلی ہے راز کی باتیں کرو
یہ سکوتِ ناز یہ دل کی رگوں کا ٹوٹنا
خاموشی میں کچھ شکستِ ساز کی باتیں کرو
نکہتِ زلفِ پریشاں داستانِ شامِ غم
صبح ہونے تک اسی انداز کی باتیں کرو
ہر رگِ دل وجد میں آتی رہے دکھتی رہے
یوں ہی اس کے جا و بے جا ناز کی باتیں کرو
جو عدم کی جان ہے جو ہے پیامِ زندگی
اُس سکوتِ راز اُس آواز کی باتیں کرو
عشق رسوا ہو چلا بے کیف سا بیزار سا
آج اس کی نرگسِ غماز کی باتیں کرو
نام بھی لینا ہے جس کا اک جہانِ رنگ و بو
دوستو! اس نَو بہارِ ناز کی باتیں کرو
جو حیاتِ جاوداں ہے جو ہے مرگِ ناگہاں
آج کچھ اس ناز اس انداز کی باتیں کرو
عشق بے پروا بھی اب کچھ ناشکیبا ہو چلا
شوخیٔ حسنِ کرشمہ ساز کی باتیں کرو
جس کی فرقت نے پلٹ دی عشق کی کایا فراقؔ
آج اس عیسی نفس دم ساز کی باتیں کرو



پچھلا کلام | اگلا کلام

شاعر کا مزید کلام